گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت نے گلگت بلتستان کے اپنے تعلیمی بورڈ کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں صوبائی وزیر تعلیم غلام شہزاد آغا نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان تعلیمی بورڈ کے قیام کو حتمی شکل دینے کیلئے کام آخری مراحل میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام صوبوں کے اپنے اپنے امتحانی بورڈز ہیں۔ گلگت بلتستان میں اس حوالے سے سابقہ حکومتوں نے کوئی کام نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بہت جلد قائم کیا جارہا ہے ۔موجودہ صوبائی حکومت تعلیم کی ترقی کے لئے عملی طور پر اقدامات اٹھا رہی ہے، تعلیم کا شعبہ ہماری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، معیار تعلیم کو بہتر بنانے اور تمام بچوں کو تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنے کیلئے بہترین اصلاحات پر کام کر رہے ہیں۔