ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان کی زیر صدارت رمضان المبارک سے قبل اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور شہریوں کو ارزاں نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے حوالے سے اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف سرکاری اداروں کے افسران نے شرکت کی اور قیمتوں کے استحکام کے لئے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا ۔
ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس، لائیو سٹاک، حلال فوڈ اتھارٹی اور متعلقہ محکمے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کی سخت مانیٹرنگ کریں اور ریٹ لسٹ پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مرغی کے گوشت کی مہنگے داموں فروخت، زندہ چکن فروخت نہ کرنے کے رجحان، غیر معیاری گوشت کی فروخت، دودھ میں ملاوٹ اور غیر معیاری دودھ کی فروخت پر خصوصی کارروائی کے احکامات جاری کئے۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح ہدایات دیں کہ خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہریوں کو معیاری اور مقررہ نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی وافر مقدار میں دستیابی اور معیار کو برقرار رکھنے کے لیے مانیٹرنگ کو مزید مؤثر بنایا جائے۔