چترال کی وادی بمبوریت میں کیلاش قبیلے کا قدیم مذہبی تہوار چترموس مذہبی جوش و خروش اور روایتی رسومات کی ادائیگی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا ۔
چترال: چترموس تہوار کیلاش کی تینوں وادیوں بمبوریت، رمبور اور بریر میں منایا گیا، جس میں کیلاش برادری نے اپنے مخصوص مذہبی اور ثقافتی انداز میں موسمِ سرما کی آمد کا خیرمقدم کیا ۔
ترجمان ٹورازم اتھارٹی محمد سعد کے مطابق فیسٹیول کے دوران مختلف مذہبی رسومات ادا کی گئیں، جن میں آپس میں پیار و محبت بانٹنے، امن کا پیغام دینے اور اتحاد کو فروغ دینے کیلئے پھل، سبزیاں اور خشک میوہ جات تقسیم کیے گئے، یہ تہوار موسمِ سرما کیلئے خوشی اور امن کی علامت سمجھا جاتا ہے ۔
فیسٹیول میں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جس سے علاقے کی ثقافت اور سیاحت کو بھرپور فروغ ملا ۔
سیاحوں کی سہولت کیلئے ٹورازم پولیس کے نوجوانوں نے فیسٹیول کے دوران بھرپور خدمات انجام دیں، جبکہ لواری ٹنل اور کیلاش وادیوں کو جانے والے تمام راستوں پر سیکیورٹی اور رہنمائی کیلئے خصوصی ڈیوٹیاں سرانجام دی گئیں ۔
چترموس فیسٹیول نہ صرف کیلاش ثقافت کا خوبصورت اظہار ہے بلکہ یہ تہوار امن، رواداری اور بین الثقافتی ہم آہنگی کا بھی بہترین مظہر بن کر سامنے آیا ۔


