جہلم میں بھائیوں نے سوشل میڈیا کے لیے ویڈیو بنانے والی اپنی 20 سالہ بہن کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ جہلم پولیس کے مطابق ڈھوک کوریاں کے علاقے میں 20 سالہ لڑکی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے لیے ویڈیو بنا رہی تھی جس پر ان کے بھائیوں نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں لڑکی جاں بحق ہوگئی۔
پولیس کے مطابق لڑکی کے قتل کو ان کے اہل خانہ کی جانب سے چھپانے کی کوشش کی گئی اور اسے خودکشی کا شاخسانہ قرار دیا گیا تاہم پولیس نے شواہد کی بنیاد پر اس سے قتل قرار دیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ جائے وقوعہ سے تمام شواہد اکٹھے کرلئے گئے اور پولیس کی مدعیت میں ہی لڑکی کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمے میں مقتولہ کے دو بھائیوں اور چچا کو نامزد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقدمہ درج کرنے کے بعد دونوں بھائیوں اور مقتولہ کے چچا کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے مزید بتایا کہ پوسٹ مارٹم کے لیے لڑکی کا جسد خاکی ڈسٹرکٹ ہیڈاکوارٹر اسپتال (ڈی ایچ کیو) جہلم منتقل کردیا گیا اور مزید تفتیش جاری ہے۔