آسٹریلیا کے بونڈائی بیچ میں ہونے والے دلخراش حملے کے متاثرین، فرسٹ ریسپانڈرز اور کمیونٹی کے اراکین کو اتوار کے روز سڈنی کرکٹ گراؤنڈ (ایس سی جی) میں پانچویں اور آخری ایشز ٹیسٹ سے قبل شاندار خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ آسٹریلیا اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے کھلاڑیوں نے میدان میں گارڈ آف آنر بنا کر ان کا استقبال کیا۔
حملے کے دوران غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرنے والے احمد ال احمد، جنہیں قومی ہیرو قرار دیا گیا ہے، میدان میں داخل ہوتے ہی تماشائیوں کی جانب سے کھڑے ہو کر زبردست داد وصول کی۔
احمد ال احمد نے 14 دسمبر کو بونڈائی بیچ میں ہونے والے حملے کے دوران اپنی جان خطرے میں ڈال کر ایک حملہ آور کو قابو کیا اور اسلحہ چھین لیا، حالانکہ وہ خود متعدد گولیوں سے زخمی ہو گئے تھے۔
تقریب میں ایمبولینس عملے، پولیس افسران، ہنگامی خدمات کے اہلکاروں کے علاوہ یہودی کمیونٹی کے افراد اور عام شہریوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ یہ تقریب پہلی گیند کروانے سے قبل منعقد ہوئی۔
کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ نے اس موقع پر کہا بونڈائی حملے کے موقع پر دکھائی جانے والی ناقابلِ یقین بہادری نے ہمیں ایک بار پھر یاد دلایا کہ کمیونٹی کا جذبہ اور ایثار ہماری قوم کو متحد رکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہماری ہمدردیاں اس المناک واقعے سے متاثر ہونے والے تمام افراد کے ساتھ ہیں، اور بطور کھیل ہم ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ 14 دسمبر کو آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ساحل پر مسلح افراد نے شہریوں پر فائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 12 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ فائرنگ کا واقعہ سڈنی کے بونڈی بیچ پر پیش آیا تھا۔


