آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید تین فرار ہونے والے قیدیوں کو گرفتار کیا ہے، جس سے فرار ہونے والوں کی کل تعداد چھ ہو گئی ہے۔
ڈی آئی جی شہریار سکندر نے بتایا کہ اسامہ مرتضیٰ اور آصف دل محمد کو ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب گوئن نالہ روڈ پر ریہاڑہ کراس سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ ایک وین میں راولپنڈی فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
جیل ریکارڈ کے مطابق کہنہ پرات گاؤں کا رہائشی 34 سالہ آصف دل محمد قتل کے جرم میں 25 سال قید کی سزا کاٹ رہا تھا۔ اسکے علاوہ ریہاڑہ گاؤں سے تعلق رکھنے والا 26 سالہ اسامہ مرتضیٰ قتل کے ایک مقدمے میں زیر سماعت قیدی تھا۔ واضح رہے کہ فرار ہونے والوں میں سے ہر ایک پر 50 لاکھ روپے کا انعام تھا۔ اس سے قبل ہفتے کی صبح، سب انسپکٹر محمد ادریس، ایس ایچ او کھائیگلہ کی سربراہی میں ایک اور پولیس ٹیم نے 17 سالہ مکرم فیصل کو راولاکوٹ سے 10 کلومیٹر دور اس کے گاؤں حسین کوٹ سے گرفتار کیا تھا۔
فیصل تعزیرات پاکستان کی دفعہ 377، 341 اور 292 کے تحت غیر فطری جرم کے لیے 10 سال قید کی سزا کاٹ رہا تھا اور وہ آٹھ قیدیوں میں سے ایک تھا، جس پر 30 لاکھ روپے انعام تھا۔ ڈی آئی جی سکندر نے کہا کہ پہلے تین فرار ہونے والوں کو جوڈیشل مجسٹریٹ نے پہلے ہی پولیس کی تحویل میں دے دیا تھا جبکہ تازہ ترین تینوں کا ریمانڈ پیر کو حاصل کیا جائے گا۔