پشاور: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پہلی مرتبہ آج آل پارٹیز کانفرنس ہونےجارہی ہے اور اب تک 16 سیاسی جماعتوں نے شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے۔
کل جماعت کانفرنس کے انعقاد سے متعلق اپنے خصوصی پیغام میں گورنر خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین سے خود رابطہ کیا، سابق وزیراعلیٰ پرویزخٹک کو بھی شرکت کی دعوت دی ہے، تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کو شرکت کی دعوت دی۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھاکہ اے پی سی کےلیے اسپیکر صوبائی اسمبلی سے رابطہ کیا، امن کے قیام، صوبے کے مسائل اور حقوق کےلیے اے پی سی بلائی ہے۔
گورنر کا کہنا تھا کہ کل جماعتہ کانفرنس میں صوبائی حکومت کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیں گے، کرم میں افسوسناک واقعہ پیش آیا لیکن صوبائی اسمبلی میں اس کی روک تھام کے لیےکبھی بات نہیں ہوئی۔
دوسری جانب پی ٹی آئی نے اے پی سی میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے، سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پرپابندی کے مذموم حکومتی ایجنڈے کی پیپلزپارٹی سرگرم پشت پناہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نےبلوچستان اسمبلی سےپابندی کی قرارداد منظوری میں کردار ادا کیا، پیپلزپارٹی سندھ میں پی ٹی آئی کارکنوں کی پکڑدھکڑ اور ہراسگی میں مصروف ہے۔
شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھاکہ پیپلزپارٹی کا خیبرپختونخوا میں کوئی مینڈیٹ نہیں اور خیبرپختونخوا کے عوام کی نمائندگی پی ٹی آئی کے پاس ہے۔ گورنرکسی معاملے پرسنجیدہ رائے کےپی حکومت کوبھجوائیں توغورکریں گے۔