اک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق خیبر پختونخوا کے دو علاقوں میں 29 نومبر سے یکم دسمبر تک کی گئی سیکیورٹی فورسز کی دو مختلف کارروائیوں میں 8 دہشتگرد ہلاک ہوگئے ۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق کارروائیوں کے دوران پاک فوج کے کیپٹن سمیت دو فوجی جوان شہید ہوگئے۔
پہلی کارروائی بنوں کے علاقے بکا خیل میں انٹیلیجنس بنیاد پر کی گئی جہاں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے شرپسندوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔
کارروائی کے دوران پانچ دہشتگرد ہلاک اور 9 زخمی ہوئے تاہم اس دوران ضلع جھنگ سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ سپاہی افتخار حسین نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دوسری کارروائی ضلع خیبر کے علاقے شاگئی میں کی گئی جہاں تین دہشتگرد ہلاک جبکہ دو کو گرفتار کیا گیا۔
اس کارروائی میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران لاہور سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ کیپٹن محمد زوہیب الدین نے اپنی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
بعد ازاں کیپٹن محمد زوہیب الدین شہید اور سپاہی افتخار حسین شہید کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی،وزیراعظم شہبازشریف ،لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد نیازی،کور کمانڈر پشاور سمیت اعلیٰ عسکری حکام اور جوانوں نے نماز جنازہ میں شرکت کی ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا کو ان کے آبائی علاقوں میں پورے فوجی اعزاز کیساتھ سپردخاک کر دیا گیا ہے ۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ ہلاک دہشتگرد متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے، دہشتگردوں نے سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا ہے کہ علاقے میں کسی بھی باقی ماندہ دہشتگردوں کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔