اسلام آباد (لیاقت علی خٹک) ڈی چوک احتجاج کے بعد ریاست پاکستان کے خلاف مذموم پروپیگنڈا کرنےوالوں کے گرد گھیرا تنگ، پروپیگنڈے میں ملوث افراد کی شناخت کے لیے جوائنٹ ٹاسک فورس تشکیل دے دی گئی۔
وزیراعظم شہبازشریف کے احکامات کے تحت چیئرمین پی ٹی اے کی سربراہی میں دس رکنی جوائنٹ ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، جوائنٹ ٹاسک فورس میں آئی ایس آئی،ایم آئی کے نمائندے اور ڈی آئی جی پولیس اسلام آباد بھی ٹاسک فورس کا حصہ ہیں۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم اور جوائنٹ ڈائریکٹر آئی بی بھی ٹاسک فورس میں شامل ہیں۔ٹاسک فورس میں جوائنٹ سیکرٹری وزارت داخلہ اور وزارت اطلاعات بھی شامل ہیں۔
حالیہ دنوں میں دہشت گردی کے واقعات کے پیش نظر ریاست پاکستان اورسیکیورٹی فورسز کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈا جاری ہے، کچھ شرپسند عناصرسیکیورٹی فورسز کے حوالے سے گمراہ کن پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق پروپیگنڈے کا مقصد اپنے مذموم سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے ملک میں انتشار پھیلانا ہے۔جوائنٹ ٹاسک فورس حالیہ احتجاج کے پیش نظرجھوٹا پروپیگنڈا کرنے والے عناصر کی نشاندہی کرے گی۔ ٹاسک فورس دس دنوں میں اپنی سفارشات مرتب کرکےحکومت کوپیش کرے گی۔