سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے پیر کو اپنے گروپ کے ہمراہ عام انتخابات 2024 کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو خط لکھا جس میں کہا گیا کہ ایسے انتخابات کا کوئی فائدہ نہیں جس میں انتخاب کا حق نہ ہو۔ فواد چوہدری نے الزام لگایا کہ انہیں الیکشن سے دستبردار ہونے کے لیے گرفتار کیا گیا۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ’ہمارے کاغذات نامزدگی بغیر کسی جواز کے مسترد کیے گئے، میرے بھائی کے کاغذات منظور کیے گئے، تاہم قومی احتساب بیورو (نیب) نے انہیں کرپشن کیس میں میرا شریک ملزم بنایا‘۔
خط میں سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن اپنے فرائض کی ادائیگی میں بری طرح ناکام ہو چکا ہے، ان حالات میں میرا گروپ انتخابات کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کرتا ہے۔