آزاد جموں و کشمیر میں حکومت نے آٹھ ماہ بعد چیئرمین اور تین ممبران پر مشتمل پبلک سروس کمیشن تشکیل دے دیا ۔یاد رہے گزشتہ سال 17 نومبر کو آزاد جموں و کشمیر ہائی کورٹ کے جج جسٹس شاہد بہار نے پبلک سروس کمیشن کی تشکیل کے لئے حکومت کو ایک ماہ کی مہلت دی تھی۔ حکومت نے اس اہم ادارے میں چیئرمین اور ممبران کی تقرری میں دو ماہ کے قریب وقت لگایا اور اب بھی ماہرین مضامین سمیت چھ ممبران کی تقرری باقی ہے۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر پبلک سروس کمیشن کی مدت تین سال ہے۔کمیشن میں پہلی بار گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے سابق لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ہدایت الرحمن کو چیئرمین بنایا گیا ہے، آزاد کشمیر پبلک سروس کمیشن کے دیگر ممبران میں سابق سیکرٹری خواجہ اعجاز حسین لون ،حافظ محمد ابراہیم عزیز اور سابق جج سعید بشیر بٹ شامل ہیں ۔
آزاد جموں وکشمیر عبوری آئین ایکٹ 1974 کے آرٹیکل 48(2) اور آزاد جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن ایکٹ 1986 کے تحت حکومت آزاد جموں و کشمیر نے پبلک سروس کمیشن کو تشکیل دیا ہے۔
آزاد جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن کے چیرمین لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ہدایت الرحمن کا تعلق استور ویلی گلگت بلتستان سے ہے اور وہ پشاور کے کور کمانڈر بھی رہ چکے ہیں۔
سابق سیکرٹری حکومت آزاد جموں وکشمیر خواجہ اعجاز حسین لون ، سابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سعید بشیر بٹ اور حافظ محمد ابراہیم عزیز اپنے اپنے شعبوں میں ایک نمایاں مقام رکھتے ہیں، ان تینوں ممبران کا تعلق آزاد کشمیر سے ہے۔