پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا 8 فروری کو پاکستانی عوام کو ایک بڑا سرپرائز دینے کا منصوبہ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ایک جیل سے بچنا چاہتا ہے جبکہ دوسرا جیل سے نکلنا چاہتا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ انکی جماعت عوامی مسائل کو حل کرنے پر زور دیتی ہے جبکہ دوسری جماعتیں صرف امیروں کو ریلیف فراہم کرنے اور عوام کو تکلیف دینے میں مصروف ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جو کمرے میں بیٹھ کر ابھی سے منصوبہ بندی کررہے ہیں ہم انھیں 8 فروری کو جواب دیں گے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا مزید کہنا تھا کہ 8 فروری کو پاکستان کی عوام کو سرپرائز دینے کا ارادہ ہے اور ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ ملے یا نہ ملے، ہم اپنا بندوبست کرلیتے ہیں،کوشش ہے پیپلز پارٹی کا وزیر اعظم بنے۔
پی ٹی آئی پر تبصرہ کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف دھاندلی کروا کرمسلط ہونےکی کوشش کرتی ہے، بانی پی ٹی آئی اگر ہمارا ساتھ دیتے تو الیکشن اصلاحات مزید بہتر ہوتیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انشااللہ 8 فروری کو تیر، پیپلزپارٹی اور عوام کی جیت ہوگی۔ لوگ پوچھتے ہیں پاکستان پیپلزپارٹی کا منشور کیا ہے۔ پیپلز پارٹی کا منشور قائدعوام کا دیا ہوا منشور ہے۔ اس منشور کے مطابق طاقت کا سرچشمہ صرف عوام ہے۔