اسلام آباد میں نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت خیبرپختونخوا کے امور پر اہم جائزہ اجلاس ہوا ہے
نگران وزیراعظم نے اجلاس میں کہا کہ وفاقی حکومت محدود وسائل کے باوجود خیبرپختونخوا حکومت کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی، خیبر پختونخوا کے مسائل سے پوری طرح سے آگاہ ہیں۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ ہم خیبرپختونخوا کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، اس صوبے کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف لازوال قربانیاں دی ہیں، نگران زیراعظم نے صوبے کے مالی وسائل حل کرنے کے لئے کمیٹی بنانے کی بھی ہدایت کر دی، کمیٹی نیٹ ہائیڈل پرافٹس اور تیل و گیس کی رائلٹی کی ادائیگی کے حوالے سے سفارشات مرتب کرے گی۔
اس کے ساتھ ساتھ نگران وزیراعظم نے خیبر میڈیکل کالج پشاور اور ایوب میڈیکل کالج ایبٹ آباد کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا کام تیز کرنے کی بھی ہدایت کی، انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ نگران حکومت نے پچھلے چار مہینوں میں ہر شعبے میں اصلاحات متعارف کروائی ہیں۔