گورنر گلگت بلتستان نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی سفارش پر گلگت بلتستان میں سرکاری ملازمتوں کے لیے بالائی عمر کی حد میں عارضی رعایت دینے کی منظوری دے دی ہے ۔
گلگت ( نديم خان) ریگولر آسامیوں بی ایس 01 تا بی ایس 15 اور پراجیکٹ آسامیوں بی ایس 01 تا بی ایس 17 کے لیے عمر کی بالائی حد 40 سال تک رعايت ہوگی،یہ رعایت نوٹیفکیشن کے اجراء کی تاریخ سے 31 دسمبر 2027 تک نافذ العمل رہے گی، 40 سال کی حد میں جنرل ایج ریلیکسیشن شامل ہوگی، جن آسامیوں کی عمر کی حد پہلے سے 40 سال سے زیادہ ہے، وہ متاثر نہیں ہوگی ۔
یہ رعایت پولیس، ریسکیو 1122، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پولیس، لیویز، فارسٹ فورس، جیل کی آپریشنل آسامیوں، نائب تحصیلدار سمیت دیگر مجسٹریل آسامیوں اور دیگر یونیفارمڈ / لاء انفورسمنٹ / ایمرجنسی ریسپانس آسامیوں پر لاگو نہیں ہوگی ۔
حاضر سروس سرکاری ملازمین اور سابق فوجی اہلکاروں کو حاصل موجودہ ایج ریلیکسیشن کے حقوق برقرار رہیں گے اور ان پر 40 سال والی حد لاگو نہیں ہوگی، گورنر گلگت بلتستان نے امید ظاہر کی کہ اس فیصلے سے گلگت بلتستان کے ان نوجوانوں کو فائدہ ہوگا جو عمر کی حد کی وجہ سے سرکاری ملازمتوں کے لیے اپلائی نہیں کر سکتے تھے ۔
یہ فیصلہ نوجوانوں کو برابر موقع فراہم کرنے اور خالی آسامیوں کو جلد پُر کرنے میں مددگار ثابت ہوگا، ایس اینڈ جی اے ڈی اور محکمہ قانون کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گلگت بلتستان سول سرونٹس ایکٹ، 2011 کے سیکشن 24(1) کے تحت جلد از جلد باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کریں ۔


