اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے التوا سے متعلق حکم امتناع برقرار رکھتے ہوئے اس میں مزید دو ہفتوں کی توسیع کردی ۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے عبوری حکم میں دو ہفتوں کا اضافہ کر دیا ہے، جس کی روشنی میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی شیڈول معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔
اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن رکوانے سے متعلق درخواستوں پر جسٹس عمیر مجید ملک نے سماعت کی۔ کارروائی کے دوران الیکشن کمیشن کے نمائندے نے عدالت کو مطلع کیا کہ گزشتہ عدالتی حکم امتناع کے پیش نظر اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول روک دیا گیا ہے ۔
سماعت کے دوران عدالت نے حلقہ بندیوں کے تنازع پر سوالات اٹھاتے ہوئے استفسار کیا کہ آیا یہ مسئلہ ابھی تک حل کیوں نہیں ہو سکا؟ اس موقع پر قاضی عادل عزیز نے نشاندہی کی کہ ایک وارڈ میں محض دو ووٹرز درج ہیں، ایسی صورت میں وہاں انتخابی عمل کیسے ممکن ہوگا؟ جسٹس عمیر مجید ملک نے واضح کیا کہ حلقہ بندیوں کا عمل 2015 کے قانون کے تحت مکمل کیا جانا لازم ہے ۔
الیکشن کمیشن کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ کمیشن اس حوالے سے وجوہات پر مبنی تفصیلی فیصلہ جاری کر چکا ہے اور موجودہ قوانین کے مطابق ہی حلقہ بندیاں کی گئی ہیں، جبکہ یہ مشق چھ مرتبہ دہرائی جا چکی ہے، اس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر باقاعدہ کارروائی عمل میں لائی جاتی تو متاثرہ فریقین کو اپیل کا حق ملتا ۔
جسٹس عمیر مجید ملک نے مزید کہا کہ فی الحال یہ واضح نہیں کہ پارلیمنٹ اس معاملے پر کیا لائحہ عمل اختیار کرتی ہے، تاہم کمیشن کو عدالت کو مطمئن کرنا ہوگا کہ حلقہ بندیوں کا عمل شفاف طریقے سے مکمل ہو چکا ہے، انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی ایسی متعدد شکایات موصول ہو چکی ہیں جن میں شہریوں کو اپنی متعلقہ وارڈ کا علم ہی نہیں تھا، حالانکہ 14 اکتوبر کے حکم نامے میں حلقہ بندیاں مکمل ہونے کا دعویٰ کیا گیا تھا ۔
بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے جامع جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی ۔


