آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کا 22واں کانووکیشن منعقد ہوا، جس میں صدر آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان نے خصوصی شرکت کی، اس موقع پر ہزاروں طلبا و طالبات کو ڈگریوں اور اسناد سے نوازا گیا ۔
مظفرآباد: تقریب کے دوران مختلف شعبوں سے فارغ التحصیل ہونے والے 7 ہزار 773 طلبہ و طالبات کو اسناد تفویض کی گئیں، جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے 48 طلبہ کو طلائی تمغوں سے نوازا گیا، اس کے علاوہ 18 محققین کو پی ایچ ڈی اور 145 سکالرز کو ایم ایس و ایم فل کی ڈگریاں عطا کی گئیں ۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان نے کہا کہ حصولِ علم کا اصل ہدف محض سند لینا نہیں بلکہ فلاحِ انسانیت ہے، لہٰذا نوجوان نسل جدت طرازی، ایمانداری اور سماجی خدمت کو اپنا وطیرہ بنائے۔ انہوں نے عالمی تعلیمی درجہ بندی میں جامعہ کشمیر کی بہتری کو بھی سراہا ۔
اس موقع پر وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کی اولین ترجیحات میں جدید نصاب کی تدوین، تحقیق کا فروغ اور معیاری تعلیم کی فراہمی سرفہرست ہیں، کانووکیشن میں یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ موجودہ تعلیمی سال کے دوران 111 مستحق و ذہین طلبہ میں 50 لاکھ روپے سے زائد کے تعلیمی وظائف تقسیم کیے گئے، جبکہ پچھلے دو سالوں میں 228 طلبہ کو ایک کروڑ روپے سے زیادہ کی مالی معاونت فراہم کی جا چکی ہے ۔


