ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 25 کروڑ ڈالر مالیت کے قرض کی منظوری دے دی، اے ڈی بی کے اعلامیے کے مطابق مالی معاونت کا مقصد سرکاری اور نجی شعبے کی شراکت داری سے چلنے والے منصوبوں کو تقویت دینا ہے ۔
بینک کے جاری بیان کے مطابق اس مالی معاونت کا مقصد سرکاری اور نجی شعبے کی شراکت داری سے چلنے والے منصوبوں کو تقویت دینا ہے، اس رقم سے ملک میں نجی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے درکار اصلاحاتی عمل کو سہارا ملے گا اور کم خرچ مگر معیاری ترقیاتی منصوبے تشکیل دیے جا سکیں گے ۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور نجکاری سے متعلق معاملات کو ایک ہی چھتری تلے لانے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں، جس سے مشترکہ منصوبوں کے ڈھانچے کو مزید مؤثر بنایا جائے گا ۔
اس پروگرام کے تحت چار وفاقی وزارتوں اور اداروں میں شراکت داری کے امور سنبھالنے کے لیے الگ یونٹس قائم کرنے میں بھی مدد فراہم کی جائے گی ۔
مزید برآں 2030 تک مشترکہ منصوبوں کی وسط مدتی فہرست کی منظوری دی جا چکی ہے اور ان منصوبوں سے جڑے مالی خطرات پر نظر رکھنے کے لیے ایک نظام تشکیل دیا جائے گا، وفاقی اداروں کو فنی رہنمائی اور تربیت دینے کے لیے نیشنل پی پی پی اینڈ انویسٹمنٹ نالج ہب بھی کام کرے گا ۔
بیان کے مطابق صوبائی حکومتیں بھی منصوبہ بندی کے عمل اور تجربات کے اشتراک سے مستفید ہو سکیں گی، جبکہ منصوبوں کی مؤثر جانچ پڑتال اور مالی خطرات پر قابو پانے کو اہم قرار دیا گیا ہے ۔


