پشاور میں شہریوں کے ساتھ پولیس کے رویے میں بہتری لانے اور تھانوں میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے محرر سٹاف کے کندھوں پر کیمرے لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق کندھوں پر نصب کیمروں کے ذریعے تھانوں میں آنے والے سائلین اور محرر سٹاف کے درمیان ہونے والی گفتگو کی آن لائن مانیٹرنگ کی جائے گی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کیمرے سیف سٹی سسٹم سے بھی منسلک ہوں گے.
ان کیمروں کی نگرانی سی سی پی او آفس میں بھی کی جائے گی۔
پولیس کے مطابق تھانوں میں محرر سٹاف کے نامناسب رویے کی صورت میں کیمرے کی ریکارڈ شدہ ویڈیو بطور ثبوت پیش کی جا سکے گی۔


