راولپنڈی: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے ایرانی وفد نے راولپنڈی میں چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور بدلتے جغرافیائی سیاسی حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں فریقوں نے مشترکہ سلامتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے راستے تلاش کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے دونوں برادر ممالک کے درمیان مسلسل رابطے، باہمی اعتماد اور قریبی ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا اور دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔


