ملک کے بالائی اور شمالی علاقہ جات میں 10 سے 14 نومبر کے دوران بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ 10 نومبر سے ملک کے مغربی اور شمالی علاقوں میں داخل ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس موسمی سلسلے کے زیر اثر خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں 10 سے 14 نومبر تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے ۔
بارش سے متاثر ہونے والے علاقوں میں دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد شامل ہیں، جبکہ پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، بنوں، کرک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسی طرح آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 10 سے 14 نومبر کے دوران بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے، اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گلیات میں آج رات تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے ۔
پنجاب کے مختلف اضلاع میں 12 اور 13 نومبر کے دوران بارش کا امکان ہے، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال اور سرگودھا میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر اور ملتان میں 12 نومبر کو بارش ہو سکتی ہے ۔
دوسری جانب بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم 11 اور 12 نومبر کو چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔ سندھ کے بیشتر علاقوں میں بھی آئندہ چند روز کے دوران موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور برفباری کے باعث پہاڑی علاقوں میں سڑکیں پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں جبکہ شدید برفباری کی صورت میں بعض سڑکوں کی بندش کا بھی خدشہ ہے، کسانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متوقع موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی فصلوں کی حفاظت کیلئے ضروری اقدامات کریں ۔
مزید برآں بارشوں کے بعد میدانی علاقوں میں بعض مقامات پر دھند چھانے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث شہریوں اور مسافروں کو سفر کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔


