اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں سو فیصد ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کے قیام کے لیے واضح لائحہ عمل اور مقررہ مدت کے ساتھ اہداف طے کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ کیش لیس معیشت کا فروغ حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے، تمام سرکاری ادارے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں کیش لیس معیشت کے فروغ کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس ہوا۔
اجلاس کے شرکاء سے گفتگو میں وزیراعظم نے کہا کہ کیش لیس معیشت کا فروغ حکومت کی اہم ترین ترجیحات میں سے ایک ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں.
کیش لیس معیشت کے فروغ کے لیے وزارت خزانہ اور تمام متعلقہ ریاستی اداروں کی جاری کامیاب کاوشیں قابل ستائش ہیں۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ملک میں سو فیصد ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کے قیام کے لیے واضح لائحہ عمل اور مقررہ مدت کے ساتھ اہداف پیش کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام میں صارفین کو درپیش مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں، کیش لیس معیشت کے فروغ کے لیے ملک بھر میں انٹرنیٹ کی فراہمی اور عوام کی ٹیکنالوجی تک آسان رسائی یقینی بنائی جائے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے راست کیو آر کوڈ کے ذریعے صارفین اور مرچنٹ کے درمیان ڈیجیٹل ادائیگی کو فروغ دینے کی سکیم کو حکومتی سرپرستی میں جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ راست کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگیوں کا نظام حکومت کے کیش لیس معیشت کے وڑن کے حصول میں معاون ثابت ہو رہا ہے۔
انہوں نے بجلی اور گیس کے صارفین کو یوٹیلیٹی بلوں پر درج کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگیاں کرنے کی ترغیب دینے کے لیے موٴثر میڈیا مہم چلانے کی ہدایت کی.
تمام وزارتوں اور سرکاری اداروں کو کیش لیس معیشت کے پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کواجلاس میں کیش لیس معیشت کے فروغ کے حوالے سے جاری اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ تمام وفاقی اور صوبائی سرکاری اداروں میں ادائیگیوں کی ڈیجیٹائزیشن پر کام تیزی سے جاری ہے اور بیشتر اداروں میں دسمبر 2026 تک تمام ادائیگیاں مکمل ڈیجیٹائز ہو جائیں گی۔
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سو فیصد ادائیگیاں بذریعہ ڈیجیٹل والٹ کی جا رہی ہیں جبکہ انٹرنیٹ کی عدم موجودگی میں ڈیجیٹل ادائیگی کے لیے جدید نظام متعارف کرانے پر کام جاری ہے۔
پورے ملک میں انٹرنیٹ کی فراہمی کے لیے بنیادی ڈھانچے کے قیام کے حوالے سے کام تیزی سے جاری ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ 15 نومبر 2026 سے بذریعہ چیک آسان اسائنمنٹ اکاوٴنٹس کی ادائیگیاں ختم کی جا رہی ہیں۔
16 نومبر سے پورے ملک میں آسان اسائنمنٹ اکاوٴنٹس کی تمام ادائیگیاں بذریعہ راست ڈیجیٹل نظام کی جائیں گی.


