وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں انتظامی امور اور گورننس کی مزید بہتری کے لیے وزیراعلیٰ کو تفویض شدہ اختیارات صوبے میں ایمرجنسی کی مدت کے دوران گورنر خیبرپختونخوا کو منتقل کرنے کی منظوری دے دی ۔
اسلام آباد: گورنر خیبرپختونخوا اختیارات کے استعمال کے حوالے سے ہر ماہ وفاقی حکومت کو جائزہ رپورٹ پیش کریں گے، وفاقی کابینہ نے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ خیبرپختونخوا ایڈوائزری کونسل، گورنر خیبرپختونخوا کی قیادت میں صوبے کے عوام کی بہتری، خوشحالی اور امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور کاوشیں یقینی بنائے گی ۔
وفاقی کابینہ نے وزارت خزانہ کی سفارش پر نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کی منظوری دے دی، کابینہ کو نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئے نوٹوں کے ڈیزائن کے لیے ملک بھر سے مصوروں اور ڈیزائنرز سے تجاویز لی گئیں، وزیراعظم کی جانب سے قائم کردہ کابینہ کمیٹی نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے تفصیلی مشاورت بھی کی ۔
وفاقی کابینہ کے شرکا کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جعلی نوٹوں کی روک تھام کے لیے سکیورٹی فیچرز بڑھانے کے ساتھ جدید میٹریل استعمال کیا جائے گا، جس سے نوٹوں کی استعمال کی معیاد میں بھی اضافہ ہوگا ۔
وفاقی کابینہ نے 10 روپے کے بینک نوٹ کی جگہ 10 روپے کا سکہ متعارف کروانے کی بھی منظوری دے دی، اجلاس میں کمیٹی برائے حکومتی ملکیتی اداروں کے 26 اکتوبر کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی گئی، کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 22 جنوری، 26 فروری، 5، 18 اور 27 اگست جبکہ 11 اور 22 ستمبر کے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کر دی ۔


