اوگی میں غیرت کے نام پر بھانجی کو قتل اور دو افراد کو زخمی کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ،پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے ۔
مانسہرہ: اوگی کے علاقے کیار بائی میں غیرت کے نام پر قتل کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ملزم عمرزادہ ولد شمشیر خان سکنہ کیار بائی نے مبینہ طور پر اپنی بھانجی کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا، جبکہ دوسرے واقعے میں اکرام خان اور احترام خان پر بھی فائرنگ کرکے انہیں زخمی کر دیاتھا ۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او مانسہرہ محمد وقاص خان نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ اوگی کو ملزم کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے ۔
ایس ایچ او تھانہ اوگی کیڈٹ عامر نے کاروائی کرتے ہوئے دونوں مقدمات میں نامزد ملزم عمرزادہ ولد شمشیر خان کو گرفتار کر لیا، ملزم کے خلاف قتل اور اقدام قتل کے دو الگ الگ مقدمات درج ہیں، ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے ۔


