تین ملکی کرکٹ سیریز میں سری لنکا نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا جبکہ انگلینڈ کی ٹیم فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی، پاکستان کا 111 رنز کا ہدف مہمان ٹیم نے 19ویں اوور میں 2 وکٹ کے نقصان پر پورا کرکے کامیابی حاصل کی ۔
لاہورمیں کھیلے گئے سہ ملکی سیریز کے پانچویں میچ میں سری لنکا نتے ٹاس جیت پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کی پوری ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 25.3 اوورز میں صرف 110 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی ۔
پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 29 رنز بنا کر نمایاں رہے، حسن نواز نے 17، کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 15، عرفات منہاس نے 10 جبکہ سلمان آغا نے 9 رنز بنائے، فخر زمان 5 اور معاذ صداقت 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ سعد بیگ نے 5 رنز بنائے، شاداب خان 2 اور حارث رؤف ایک رن بنا سکے، نسیم شاہ 2 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔
سری لنکا کی جانب سے دلشان مدوشنکا نے 5 وکٹیں حاصل کیں، ساہان آراچگے نے 2 جبکہ اسیتھا فرنینڈو، ایشان ملنگا اور دونتھ ویلالگے نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔
111 رنز کا ہدف سری لنکن ٹیم نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 18.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرکے کامیابی حاصل کی، کامندو مینڈس 62 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، انہوں نے 60 گیندوں پر 8 چوکے اور 2 چھکے لگائے ۔
پون رتھنائیکے نے 23 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جبکہ اویشکا فرنینڈو 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کپتان کوشل مینڈس نے 8 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور عرفات منہاس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ۔
دوسری جانب پاکستان ایونٹ کے پہلے 3 میچز جیت کر پہلے ہی فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکی ہے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچنے کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے ۔
تین ملکی سیریز کا فائنل 31 اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا، جہاں دونوں ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے میدان میں اتریں گی، پاکستانی ٹیم میں صائم ایوب اور رضا اللہ کو ڈراپ کرکے معاذ صداقت اور نسیم شاہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ۔


