پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں امن اور ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے.
پولیس کی استعداد کار بڑھائی جا رہی ہے اور امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا کے لیے 160 ارب روپے کے فنڈز کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔
گورنر ہاؤس پشاور میں مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور اور علاقائی نمائندہ ترقیاتی کونسل کے مشیر اطلاعات محمود جان بابر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں فیلڈ مارشل اور وفاقی وزراء نے شرکت کی۔
انہوں نے وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور وفاقی وزراء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں سکیورٹی اور ترقیاتی اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ گزشتہ 13 سال صوبے کے لیے مشکل رہے ہیں، تاہم اب ایک مضبوط خیبرپختونخوا کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
صوبے میں امن قائم ہوگا تو سرمایہ کاری اور ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
وفاق نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مزید فنڈز اور وسائل درکار ہوئے تو فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وفاق میں خیبرپختونخوا کا مقدمہ بہتر انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔
صوبے کے انتظامی اور ٹرانسپورٹ سمیت تمام معاملات کو مؤثر بنایا جائے گا اور عوام جلد واضح تبدیلی دیکھیں گے۔
کرپشن اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور نے کہا کہ کرک میں پیش آنے والا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔
پولیس کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری بقا کی جنگ ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے دہشت گردی کے خاتمے کا واضح پیغام دیا ہے اور صوبے کی جانب سے پیش کیے گئے مطالبات تسلیم کرتے ہوئے وفاقی حکومت نے ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔


