اسلام آباد: صدرِ آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پشاور میں نجی سکول کی چھت گرنے کے المناک واقعے میں بچوں اور اساتذہ سمیت قیمتی جانوں کے ضیاع اور افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ اس دلخراش سانحے نے پوری قوم کو صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔
انہوں نے جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے لیے جنت الفردوس اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
صدرِ مملکت نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے جامع تحقیقات اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے تعلیمی اداروں کی عمارتوں کے حفاظتی معیار کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پشاور میں نجی اسکول کی چھت گرنے کے واقعے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے افسوس اور رنج کا اظہار کیاہے ۔
وزیراعظم نے افسوس ناک واقعے میں معصوم بچوں سمیت جاں بحق ہونے والوں کی بلندی درجات اور جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور ان کے لیے صبر جمیل کی دعاکی۔
وزیراعظم نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعاء اور انہیں ہر ممکن طبی امداد کی فراہمی اور امدادی کاروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔


