اسلام آباد: وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 13 سال سے پی ٹی آئی کی حکومت ہے اور صوبے کا بنیادی مسئلہ گورننس کا ہے۔
صوبائی حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کر رہی، جس کی قیمت معصوم عوام کو ادا کرنا پڑ رہی ہے۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت کی کارکردگی سوالیہ نشان ہے۔
صوبے کے عوام سے شہد اور دودھ کی نہریں بہانے کے وعدے کیے گئے تھے، تاہم وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی صوبے اور عوام کے مسائل پر کوئی توجہ نہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ملک کے مفاد میں تحریک انصاف کے ساتھ سنجیدگی سے مذاکرات کیے۔
افسوس کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت انتشار اور دھرنے کی سیاست کے ذریعے اسلام آباد پر حملہ کرنے کا منصوبہ بنائے ہوئے ہے۔
امیر مقام نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے خیبرپختونخوا حکومت کی ذمہ داری ہے کہ پولیس کی استعدادِ کار میں اضافہ کرے اور پولیس ایکٹ میں ترمیم کرے۔


