وفاقی حکومت نے میجر جنرل فیصل نصیر کو نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کا نیشنل کوآرڈینیٹر مقرر کردیا،حکومت کی منظوری کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے میجر جنرل فیصل نصیر کی بطور نیکٹا نیشنل کوآرڈینیٹر تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔
اسلام آباد: میجر جنرل فیصل نصیر کی بطور نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا تقرری نیکٹا ایکٹ 2013 کے تحت کی گئی ہے اور ان کی مدتِ تعیناتی تین سال مقرر کی گئی ہے ۔
میجر جنرل فیصل نصیر ہلالِ امتیاز (ملٹری) اور تمغۂ بسالت کے حامل افسر ہیں اور انہیں انسدادِ دہشت گردی، دہشت گردی کے خلاف آپریشنز اور سکیورٹی امور کا وسیع تجربہ حاصل ہے ۔
دوسری جانب میجر جنرل فیصل نصیر کی نیکٹا میں تعیناتی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب خیبرپختونخوا اور بلوچستان سمیت ملک کو دہشت گردی کے سنگین سکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے ۔
نیکٹا ملک میں انسدادِ دہشت گردی کی قومی پالیسی، حکمتِ عملی اور وفاقی و صوبائی اداروں کے درمیان رابطہ کاری میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے ۔


