اسلام آباد میں خاتون کو بچانے کے دوران ملزم کی فائرنگ شہید ہونے والے پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم طارق کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی، آئی ایس پی آر کے مطابق شہید عاصم طارق کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا ۔
اسلام آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نمازِ جنازہ میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، پاک فضائیہ کے سینئر افسران، جوانوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور شہید افسر کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا ۔
اس موقع پر ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کی عظیم قربانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ قربانی پاکستان ایئر فورس اور پاکستان کی مسلح افواج کی بہترین روایات کی عکاس ہے ۔
انہوں نے کہا کہ شہید افسر نے ایک خاتون کی جان بچاتے ہوئے فرض شناسی، جرات اور ایثار کی اعلیٰ مثال قائم کی، پاک فضائیہ نہ صرف وطن کے دفاع بلکہ شہریوں کی جان، عزت اور وقار کے تحفظ کے لیے بھی ہر وقت پرعزم ہے ۔
ایئر چیف مارشل ظہیر بابر سدھو کا مزید کہنا تھا کہ گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کی بے مثال قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی اور پوری قوم کے لیے باعثِ فخر رہے گی ۔


