اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف 5 جولائی تک ایران اور ترکیہ کا دورہ کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام پر مشتمل وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف دورۂ ایران کے دوران شہید سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی تدفین کے سلسلے میں منعقد ہونے والی تقریب میں شرکت کریں گے۔
وزیراعظم پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے ایرانی قیادت اور سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کریں گے اور برادر ایرانی قوم کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ بھی کریں گے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر استنبول جائیں گے، جہاں پاکستان اور ترکیہ کی قیادت کے درمیان دونوں برادر ممالک کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ سمیت تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال ہوگا۔
ملاقات میں علاقائی امن و سلامتی سے متعلق امور بھی زیرِ غور آئیں گے۔
استنبول میں قیام کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف پاکستان کی میزبانی میں منعقد ہونے والی بزنس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔
اس بزنس کانفرنس میں خصوصی اقتصادی زونز، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور نجکاری سمیت ترجیحی شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کو اُجاگر کیا جائے گا.


