اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا.
رابطہ میں دونوں رہنماؤں نے امریکہ اور ایران کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد امن عمل میں پیش رفت، دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کو آج دوپہر قطر کے امیرشیخ تمیم بن حمد آل ثانی کا ٹیلیفون موصول ہوا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان نہایت خوشگوار اور دوستانہ گفتگو ہوئی۔
امیرِ قطر نے وزیراعظم کو پاکستان کی کامیاب سفارتی کوششوں پر مبارکباد دی۔
انہوں نے وزیراعظم کی قیادت کو سراہا اور پاکستان کی امن کی کوششوں کے لیے قطر کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے امیرِ قطر کا امن کی کوششوں میں مسلسل اور بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک کوششوں اور قطر سمیت برادر ممالک کے اہم کردار کی بدولت ممکن ہوئی۔
دونوں رہنماؤں نے سوئٹزرلینڈ کے علاقے برگن اسٹاک میں ہونے والے تکنیکی سطح کے مذاکرات کے پہلے دور پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ مثبت پیش رفت کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔
دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ مذاکراتی عمل کو نقصان پہنچانے کی کوششوں سے محفوظ رکھنا ضروری ہے۔
وزیراعظم نے رواں سال دوحہ کے اپنے دورے کا ذکر کرتے ہوئے امیرِ قطر کو پاکستان کے دورے کی ایک بار پھر دعوت دی۔
اس پر امیرِ قطر نے رواں سال کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش ظاہر کی تاکہ دوطرفہ تعاون اور خطے کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا جا سکے۔
دونوں رہنماؤں نے آئندہ دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان قریبی رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف اور امیرِ قطر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، پاکستان کی کامیاب سفارتی کوششوں پر مبارکباد
Updated:2 Mins Read


