مانسہرہ : اچھڑیاں پل کے قریب ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں ایک بہادر نوجوان نے انسانیت کی مثال قائم کرتے ہوئے اپنی جان قربان کر دی۔
ذرائع کے مطابق ایک بچہ گہرے پانی میں ڈوب رہا تھا جسے دیکھ کر نوجوان جنید نے فوری طور پر پانی میں چھلانگ لگا دی۔ اس نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر بچے کو بحفاظت باہر نکال لیا، تاہم خود گہرے پانی سے باہر نہ نکل سکا اور جان کی بازی ہار گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور طویل کوششوں کے بعد نوجوان کی لاش پانی سے نکال کر ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔
اہل علاقہ نے جنید کی بہادری اور قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس نے انسانیت کی خاطر اپنی جان قربان کر کے ایک عظیم مثال قائم کر دی ہے۔


