خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں دہشت گردوں نے ایک جیل پولیس اہلکار کو اغوا کر لیا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ احمد خیل اڈہ کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے اہلکار کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ چھٹی پر اپنے گھر آیا ہوا تھا۔ مغوی اہلکار کرک جیل میں تعینات بتایا جاتا ہے اور اس کا تعلق لکی مروت کے علاقے عبدالخیل سے ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور مغوی اہلکار کی بازیابی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے ایک روز قبل بھی اسی علاقے عبدالخیل سے اینٹی نارکوٹکس فورس کے ایک اہلکار کو اغوا کرنے کے بعد دہشت گردوں نے شہید کر دیا تھا، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق مسلسل پیش آنے والے ایسے واقعات نے سیکیورٹی صورتحال پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں، جبکہ شہریوں نے حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔


