نوشہرہ کے علاقے نظام پور میں دو گروپوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں کم از کم 4 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق تصادم عطاء اللہ اور صدام گروپ کے درمیان پیش آیا۔
پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ عطاء اللہ گروپ سے 17 سالہ مہران جاں بحق ہوا، جبکہ صدام گروپ کے تین افراد ہلاک اور تین زخمی ہوئے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ غیر قانونی گولڈ مائننگ کے تنازع پر پیش آیا۔
فائرنگ کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور نظام پور میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا۔ مساجد سے اعلانات کے ذریعے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی، جبکہ قریبی اسکولوں میں بچوں کو حفاظتی طور پر اندر ہی روک لیا گیا۔


