محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج سے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جو 4 اپریل تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں سمیت ہزارہ اور ملاکنڈ ڈویژنز میں بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں درمیانی شدت کی بارش ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر حادثات کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہیں۔
ادھر کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ ناظم آباد، قائدآباد، ملیر اور دیگر علاقوں میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
بلوچستان کے علاقوں سبی، ژوب، شیرانی، بارکھان، لورالائی، ہرنائی اور کوہلو میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ 4 اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔


