راولپنڈی کے تھانہ صادق آباد کے علاقے میں گزشتہ رات ڈولفن فورس اور دو موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ڈاکو شہریوں سے گن پوائنٹ پر واردات کر رہے تھے کہ اسی دوران ڈولفن ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی، جس پر جوابی کارروائی میں ایک ڈاکو زخمی ہوا جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔ ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت حسیب کے نام سے ہوئی ہے۔
فائرنگ کے دوران کانسٹیبل زریاب کو بھی گولی لگی، تاہم وہ بلٹ پروف جیکٹ پہننے کی وجہ سے محفوظ رہے۔ پولیس نے ہلاک ڈاکو کے قبضے سے تین موبائل فون، اسلحہ اور زیر استعمال موٹر سائیکل برآمد کر لی۔ برآمد ہونے والے موبائل فونز میں سے دو کچھ دیر قبل تھانہ نیو ٹاؤن کے علاقے سے چھینے گئے تھے جبکہ ایک موبائل موجودہ واردات کا تھا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو حسیب پہلے بھی ڈکیتی اور ناجائز اسلحہ کے درجنوں مقدمات میں ملوث اور ریکارڈ یافتہ تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی سینئر پولیس افسران بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے کامیاب کارروائی پر ایس پی راول، اے ایس پی نیو ٹاؤن اور ڈولفن فورس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال سے کھیلنے اور پولیس پر حملہ کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔


