ملک کے دیگر علاقوں کی طرح بٹگرام میں بھی عید کی تیاریاں عروج پر پینچ گئیں، بازاروں میں لوگوں کا رش دیدنی، بارش بھی خریداری کا جوش کم نہ کر سکی ۔
بٹگرام میں رمضان المبارک کے آخری دن بارش کے باوجود عید الفطر کیلئے لوگوں کی خریداری عروج پر پہنچ گئی، شہر کے بازاروں میں خریداروں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں لوگ مہنگائی کے باوجود عید کی تیاریوں میں بھرپور مصروف ہیں ۔
جوتوں، چپل، واسکٹ اور ریڈی میڈ کپڑوں کی دکانوں پر گہما گہمی عروج پر ہے، جبکہ بیکریوں اور کریانہ سٹورز پر بھی رش بڑھ گیا ہے۔ شہری مہنگائی کا شکوہ کرتے نظر آتے ہیں، تاہم اس کے باوجود مہنگے بسکٹ، مٹھائیاں اور مرغی خریدنے میں خاصی دلچسپی دکھا رہے ہیں ۔
دوسری جانب، بیرونِ ملک اور ملک کے بڑے شہروں جیسے کراچی، لاہور، اسلام آباد اور پشاور میں مقیم بٹگرام کے رہائشی بھی عید کی خوشیاں اپنے آبائی علاقے میں منانے کے لیے واپس پہنچ چکے ہیں، جس سے علاقے میں خوشی اور رونق کا سماں مزید بڑھ گیا ہے ۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ عید خوشیوں کا تہوار ہے، جسے وہ ہر حال میں اپنے پیاروں کے ساتھ منانا چاہتے ہیں، چاہے اس کے لیے مہنگائی کا سامنا ہی کیوں نہ کرنا پڑے ۔


