ٹی 20 ورلڈ کپ کے ایک اہم میچ میں پاکستان نے نمیبیا کو 102 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دینے کے بعد ایونٹ کے سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا، 200 رنز ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی پوری ٹیم 18ویں اوور میں 97 رنز پر ڈھیر ہو گئی، صاحبزادہ فرحان نے شاندار 100 رنز بناکر میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کیا ۔
کولمبو سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نمیبیا کو جیت کے لیے 200 رنز کا ہدف دیا،پاکستان کی جانب سے اوپنر بلے باز صاحبزادہ فرحان نے شاندار سنچری سکور کی اور ناٹ آؤٹ رہے، صائم ایوب نے 14، کپتان سلمان علی آغا نے 38، خواجہ نافع نے 5 اور شاداب خان نے 36 رنز بنائے ۔
ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی پوری ٹیم 18 ویں اوور میں 97 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور پاکستان نے 102 رنز سے میچ جیت لیا،میچ جیتنے کے بعد قومی ٹیم نے میگا ایونٹ کے سپر ایٹ مرحلے کے لیے بھی کوالیفائی کر لیا ۔
پاکستان کی جانب سے عثمان طارق نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4وکٹیں حاصل کیں، شاداب خان نے 3 جبکہ سلمان مرزا اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی ۔
دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شامل 8 ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے میں پہنچ گئی ہیں جبکہ 12ٹیمیں ایونٹ سے باہر ہو چکی ہیں۔،دوسرے مرحلے کے لیے پاکستان، سری لنکا، بھارت، انگلینڈ، زمبابوے، ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ نے کوالیفائی کیا ہے ۔
سپر ایٹ مرحلے میں پاکستان اپنا پہلا میچ 21 فروری کو نیوزی لینڈ، 24 فروری کو انگلینڈ اور 28 فروری کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گا، ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل 4 مارچ، دوسرا 5 مارچ جبکہ میگا ایونٹ کا فائنل 8 مارچ کو کھیلا جائے گا ۔


