کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ کی زیر صدارت اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ افغان مہاجرین سے متعلق ایک اہم آن لائن اجلاس ہوا جس میں افغان مہاجرین کی موجودگی، ان کی واپسی اور حکومتی پالیسی پر عمل درآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔
ایبٹ آباد: کمشنر ہزارہ نے تمام ڈپٹی کمشنرز بالخصوص ضلع مانسہرہ کے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں قائم کیمپوں اور رہائشی علاقوں میں مقیم افغان مہاجرین کے خلاف آپریشن مزید تیز کریں ۔
انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کو رضاکارانہ واپسی کے لیے دیا گیا وقت ختم ہو چکا ہے، اب جو افراد پاکستان میں مقیم ہیں وہ غیر قانونی تصور کیے جائیں گے ۔
فیاض علی شاہ نے واضح ہدایت جاری کی کہ واپس نہ جانے والے افغان مہاجرین کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور انہیں ضلع بدر کرتے ہوئے ان کے ممالک واپس بھیجا جائے ۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ کارروائی کے دوران قانون کی مکمل پاسداری کو یقینی بنایا جائے اور پیشرفت سے متعلق باقاعدہ رپورٹس کمشنر آفس کو ارسال کی جائیں ۔


