تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں زمبابوے نے سری لنکا کو 67 رنز سے ہرادیا، زمبابوے کے 163 رنز ہدف کے جواب میں لنکن پوری ٹیم صرف 95 رنز پر ڈھیرہو گئی، زمبابوے کی جانب سے براڈ ایونز نے 3 اور رچرڈ نیگراوا نے 2 وکٹیں حاصل کیں ۔
راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے سہ فریقی ٹی ٹوینٹی سیریز کے دوسرے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔
زمبابوے کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنائے، برائن بینیٹ 49 اور کپتان سکندر رضا 47 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹرز رہے، سری لنکا کی جانب سے ھسا رنگا نے 3 اور ایشان ملنگا نے 2 وکٹیں حاصل کیں ۔
163 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم مقررہ اوورز میں صرف 95 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی اور میچ 67 رنز سے زمبابوے نے اپنے نام کرلیا ۔
سری لنکا کی جانب سے دوسان شناکا نے سب سے زیادہ 34 اور راجا پاکسا نے 11 رنز بنائے، زمبابوے کی جانب سے براڈ ایونز نے 4 اوورز میں 9 رنز دے کر 3 جبکہ رچرڈ نیگراوا نے 2 وکٹیں حاصل کیں ۔
زمبابوے کے کپتان سکندر رضا کو شاندار 47 رنز اور ایک اہم وکٹ لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔


