ناران میں راستہ بھٹکنے والی جرمن خاتون سیاح کو 6 گھنٹوں کی انتھک محنت کے بعد مانسہرہ پولیس نے باحفاظت ریسکیو کر لیا ۔
تفصیلات کے مطابق 7 رکنی جرمن سیاحوں کا ایک گروپ ناران پہنچا، رات گئے اطلاع ملی کہ گروپ کی ایک 66 سالہ خاتون سیاح مسز کارون این ملارک ہائیک پر جانے کے بعد ہوٹل واپسی کے دوران راستہ بھٹک گئی ہیں ۔
ناران پولیس نے فوری طور پر سرچ آپریشن شروع کیا اور دو ٹیمیں تشکیل دے کر مختلف راستوں پر روانہ کیں،تقریباً 6 گھنٹوں کی انتھک محنت اور بھرپور سرچ آپریشن کے بعد خاتون سیاح کو بحفاظت تلاش کر لیا گیا اور انہیں واپس ہوٹل پہنچا دیا گیا ۔
ناران پولیس کا کہنا ہے کہ ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی خدمت اور سیکیورٹی کے لیے ہر وقت تیار ہے، جنت نظیر وادی ناران آنے والے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں اور ان کو پرامن ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے ۔
ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں کو شاباش دی اور ان کی کاوشوں کو بھرپور سراہا ۔