وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان اپنے کابینہ اراکین اور دیگر اہم شخصیات کے ہمراہ گلگت بلتستان سکاؤٹس کے شہید صوبیدار کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کے لیے چھپروٹ، نگر پہنچے ۔
گلگت: اس موقع پر انہوں نے شہید کے بلندی درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی اور اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا،وزیر اعلیٰ نے اپنے تعزیتی کلمات میں کہا کہ دہشتگرد دیامر کے چہرے پر بدنما داغ ہیں،دیامر کا پر امن چہرہ خراب کرنے والوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا ۔
انیہوں نے کہا کہ ریاست دہشت گردوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی، شہید صوبیدار نے مادر وطن کی خدمت کے دوران جامِ شہادت نوش کیا اور پوری قوم ان کی قربانی پر فخر کرتی ہے ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ گلبر خان نے کہا کہ میں شہید کو ریاست اور حکومت کا بیٹا سمجھتا ہوں، ہم امن و امان کو ہر صورت قائم رکھیں گے ۔
وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کے خلاف سخت اقدامات اٹھائیں گے ۔
ان کا کہنا تھا کہ دیامر کے عوام اس بزدلانہ کارروائی کے خلاف ہیں اور ہم کے کے ایچ کو پُرامن رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے ۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ چھپروٹ میں بجلی کی فراہمی کے لیے صوبائی حکومت اقدامات کرے گی اور شہید کی بیوہ و بیٹی کو حکومتی پالیسی کے تحت مکمل معاونت فراہم کی جائے گی ۔
حاجی گلبر خان کا کہنا تھا کہ ہم ان کے بلند درجات اور اہل خانہ کے صبر و استقامت کے لیے دعاگو ہیں،اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے ہمراہ صوبائی کابینہ کے اراکین جن میں صوبائی وزیر داخلہ شمس الحق لون، وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن حاجی رحمت خالق، وزیر سوشل ویلفیئر دلشاد بانو، ممبر جی بی اسمبلی ایوب وزیری، معاون خصوصی اطلاعات ایمان شاہ، معاون خصوصی برائے آبپاشی حسین شاہ، معاون خصوصی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ محمد علی قائد، مشیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی ثریا زمان اور ترجمان حکومت فیض اللہ فراق شامل تھے ۔