خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کی تحصیل ماموند میں ’’آپریشن سربکف‘‘ تیسرے روز بھی جاری ہے ،دوسری جانب ماموند کے 27 علاقوں میں نافذ کرفیو میں 14 اگست تک نافذ ہے،ضلعی انتظامیہ کے مطابق خار منڈا روڈ، خار ناوگئی روڈ اور خار صادق آباد عنایت کلی کی سڑکیں اور بازار بھی کھل گئے ہیں ۔
باجوڑ: سیکیورٹی ذرائع کے مطابق لوئی ماموند اور واڑہ ماموند کے مخصوص علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن ’’سربکف‘‘ تیسرے روز بھی جاری ہے ۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن سربکف کے دوران دہشتگردوں کے خفیہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور اب تک کئی دہشتگرد بھی ہلاک ہو چکے ہیں ۔
دوسری جانب مقامی ذرائع نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز ایک گھر پر گولہ گرنے کے واقعے میں ماں اپنی ایک بیٹی اور ایک بیٹے کے ساتھ شہید ہوگئے ہیں ۔
سیکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ روز ہی صدیق پھاٹک کے قریب سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر بم حملہ ہوا تھا جس میں دو اہلکار شہید اور 18 شدید زخمی ہو گئے تھے ۔
دریں اثنا باجوڑ کی ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ ماموند کے بعض علاقوں میں کرفیو میں نرمی کے باعث خار منڈا روڈ، خار ناوگئی روڈ اور خار صادق آباد عنایت کلی کی سڑکیں اور بازار بھی کھل گئے ہیں ۔