پاکستان کے معروف سینئر اداکار، ڈائریکٹر اور رائٹر محسن گیلانی نے حالیہ انٹرویو میں انڈسٹری کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکار کا نام سب کے سامنے رکھ دیا۔ محسن گیلانی شوبز کی دنیا میں طویل عرصے سے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں اور ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان انہیں ’پرائیڈ آف پرفارمنس‘ (تمغۂ حسنِ کارکردگی) سے نواز چکی ہے۔
ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کے دوران میزبان نے ان سے سوال کیا کہ پاکستانی انڈسٹری میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والا اداکار کون ہے؟ اس پر محسن گیلانی نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ اگر معاوضے کی بات ہو تو اس وقت ایک ہی ہیرو ہے جو سب سے آگے ہے، اور وہ ہے فواد خان۔ انہوں نے مزید کہا کہ فواد خان کا زیادہ معاوضہ لینا بالکل جائز ہے کیونکہ اس کی فنی صلاحیتیں اور مقبولیت اس کی حق دار ہیں۔
فواد خان نہ صرف پاکستانی شوبز انڈسٹری میں کامیابی کے جھنڈے گاڑ چکے ہیں بلکہ بالی وڈ میں بھی اپنی شاندار اداکاری سے ناظرین کے دل جیت چکے ہیں۔ قابلِ ذکر ہے کہ رواں ماہ 29 تاریخ کو بالی وڈ اداکارہ وانی کپور کے ساتھ ان کی نئی فلم عبیر گلال ریلیز ہونے جا رہی ہے، جس کا شائقین کو بے حد انتظار ہے۔