سیکیورٹی فورسز نے پاکستان میں دہشتگردی کی دراندازی کی اور کوشش کو ناکام بنادیا، بلوچستان میں پاک افگان سرحد پر کارروائی کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 33 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 7 اور 8 اگست کی درمیانی رات بھارتی پراکسی فتنہ خوارج سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کا ایک بڑا گروہ پاک افغان سرحد کے راستے سے دراندازی کی کوشش کر رہا تھا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب کے جنرل علاقے سمبازہ میں مؤثر طریقے سے ان دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا ۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز کے جرات مندانہ اور مؤثر آپریشن کے نتیجے میں 33 بھارتی اسپانسرڈ خوارج مارے گئے، جبکہ اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجد دیگر خارجی دہشتگردوں کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا جا رہا ہے ۔
مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کے دفاع اور ملک سے ہندوستانی اسپانسرڈ دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں ۔