راولپنڈی میں زمین کے تنازعات اور دیگر مخالفت پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 بھائیوں سمیت 4 افراد قتل کردیے گئے، پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ۔
پولیس کے مطابق راولپنڈی ڈویژن کے تھانہ کہوٹہ کی حدود میں بھون روڈ پر زمین کے تنازعات کے نتیجے میں پیش آنے والے واقعے میں 2 سگے بھائیوں سمیت 4 افراد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا ۔
پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت جنید اقبال، متین کیانی، شعیب اور ثمر اقبال کے ناموں سے ہوئی ہے، جن میں سے ثمر اقبال اور جنید اقبال آپس میں بھائی تھے ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چاروں افراد ایک ہی گاڑی میں سوار ہو کر جا رہے تھے کہ اچانک ملزمان نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں چاروں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے ۔
راولپنڈی پولیس نے جائے وقوع سے فرانزک شواہد اکٹھے کر لیے، پولیس کے مطابق فریقین کے درمیان زمین کے پرانے تنازعات چلے آ رہے تھے جو کہ اسلام آباد کے علاقے سہالہ سے جڑے ہوئے تھے۔
پولیس ککا مزید کہنا ہے کہ قتل کی واردات میں ملوث دونوں گروپوں کے افراد راولپنڈی اور اسلام آباد پولیس کو سنگین مقدمات میں پہلے سے ہی مطلوب تھے، دوسری جانب آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ۔