خیبر پختونخوا میں گزشتہ 6 ماہ کے دوران دہشتگردی کے مختلف واقعات کے دوران 271 افراد شہید جبکہ 589 زخمی ہوئے، رپورٹ کے مطابق صوبے کے 13 اضلاع میں ان واقعات کے دوران کل 63 پولیس اہلکار شہید جبکہ 84 زخمی ہوئے ہیں ۔
پشاور: خیبر پختونخوا میں رواں سال پولیس، ایف سی اور عام شہریوں کی شہادتوں سے متعلق پولیس کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق رواں سال دہشتگردی کے واقعات میں مجموعی طور پر 860 افراد شہید و زخمی ہوئے ۔
رپورٹمیں کہا گیا ہے کہ صوبے کے 13 اضلاع میں ان واقعات کے دوران کل 63 پولیس اہلکار شہید جبکہ 84 زخمی ہوئے ہیں،
صوبے میں دہشت گرد واقعات میں 101 عام شہری شہید جبکہ 292 زخمی ہوئے ۔
رواں سال ایف سی کے 46 اہلکار شہید، 82 زخمی ہوئے، جن میں بنوں میں سب سے زیادہ 181، شمالی وزیرستان میں 155 عام شہری شہید و زخمی ہوئے ہیں ۔
پولیس رپورٹ کے مطابق دہشت گردی کے واقعات میں بنوں میں 21 ، ڈی آئی خان 11 پولیس اہلکار، کوہاٹ 7 ، پشاور 6، جنوبی وزیرستان میں 4، خیبر میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوئے ۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ صوبہ بھرمیں ہونے والے ان واقعات میں فرنٹئیر کنسٹیبلری کے 46 اہلکار شہید اور 82 زخمی ہوئے، سب سے زیادہ واقعات قبائلی علاقوں میں سامنے آئے ہیں،جن میں ضلع باجوڑ میں 12، کرم 11، شمالی وزیرستان میں 9 ایف سی اہلکار شہید ہوئے ۔
سی ٹی ڈی کی رپورٹ کے مطابق دہشتگردی واقعات میں 11 خاصہ دار شہید، 18 زخمی ہوئے ہیں، جن میں ضلع بنوں میں 22 عام شہری شہید 59 زخمی، جنوبی وزیرستان میں 15 شہید 39 زخمی، جبکہ شمالی وزیرستان میں 11 شہری شہید اور 80 زخمی ہوئے ہیں ۔