محکمہ داخله و قبائلی امور خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ پروف آف ریجسٹریشن یعنی پی او آر کارڈ ہولڈرز واپسی کی تیاری پکڑیں، ان کی مہلت میں 57 دن باقی ہیں ۔
پشاور: محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پی او آر کارڈ ہولڈرز افغان مہاجرین کی پاکستان میں حتمی قیام کی مہلت 30 جون، 2025 کو ختم ہو جائیگی،یکم جولائی 2025 سے تمام کارڈ ہولڈرز افغان مہاجرین کا قیام غیر قانونی تصور کیا جائے گا ۔
محکمہ داخلہ نے کہا ہے کہ افغان مہاجرین کا پاکستان میں قیام میں توسیع نہیں کی جائیگی،خیبر پختونخوا کے مختلف سرحدات سے افغان سیٹزن کارڈ کے حامل افغان مہاجرین اور غیر قانونی تارکین وطن افغان باشندوں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے ۔
بیان کے مطابق دوسرے مرحلے کے تحت آج براستہ طورخم سرحد 394 افراد افغان سیٹزن کارڈ کے حامل مہاجرین اور 902 غیر قانونی تارکین وطن کو افغانستان بھیجا گیا، براستہ انگور اڈہ سرحد 33 افراد کو افغانستان بھیجا گیا ۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مجموعی طور دوسرے مرحلے میں 32503 افغان سیٹزن کارڈ ہولڈرز جبکہ 19228 غیر قانونی تارکین وطن کو براستہ طورخم سرحد افغانستان بھجوایا گیا ۔
دوسرے مرحلے کے تحت مجموعی طور پر 51731 افراد کو طورخم سرحد سے افغانستان بجھوایا گیا، اسلام آباد سے 2234، پنجاب سے 18642، گلگت سے 2, آزاد کشمیر سے 1192 اور سندھ سے 44 افراد کو افغانستان ڈی پورٹ کیا گیا ۔
پشاور، رضاکارانہ طور 23270 افغان سیٹزن کارڈ ہولڈرز افغان مہاجرین طورخم سرحد سے افغانستان واپس گئے، ستمبر 2023 سے اب تک خیبر پختونخوا کے مختلف سرحدات سے مجموعی طور پر 5 لاکھ، 30 ہزار، 286 افراد کو افغانستان بھیجوایا گیا ۔