پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 25 اور 26 اپریل کو خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں 3 علیحدہ علیحدہ کارروائیاں کی گئیں ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پہلی کارروائی ضلع کرک میں دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر کی، اس دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 8 دہشتگرد ہلاک ہو گئے ۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دوسری کارروائی شمالی وزیرستان میں کی گئی جس میں 4 دہشت گردوں کو اپنے انجام تک پہنچایاگیا ۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 جوان شہید ہو گئے جن میں 28 سالہ لانس نائیک عثمان مہمند اور 26 سالہ سپاہی عمران خان شانل ہیں ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے تیسرا آپریشن جنوبی وزیرستان کے گومل زام کے علاقے میں کیا گیا، جہاں 3 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے تمام دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا جب کہ ہلاک ہونے والے دہشتگرد مختلف دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث رہے تھے ۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ علاقے میں مزید دہشتگردوں کی موجودگی کو ختم کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہیں، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں ۔