راولپنڈی میں ایسٹر کے دن7 سال کی بچی کے اغوا، مبینہ زیادتی اور قتل میں ملوث ملزم ساتھیوں کی پولیس پر فائرنگ کے دوران گولیاں لگنے سے ہلاک ہوگیا۔
ایسٹر کے روز رونما ہونے والے خوفناک واقعے میں اغوا، مبینہ زیادتی اور قتل کا نشانہ بننے والی 7 سال کی بچی کے کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
پولیس کی خصوصی ٹیم نے مرکزی ملزم جو بچی کا سگا ماموں اور عادی نشئی تھا، کو مندرہ کے علاقے سے گزشتہ رات گرفتار کیا۔ جسے پولیس گرفتاری کے بعد آلہ قتل کی برآمدگی کے لیے مرید پھاٹک لے گئی، جہاں اس کے ساتھیوں نے پولیس پر حملہ کر دیا۔
فائرنگ کے تبادلے میں ملزم زخمی ہوا اور اسپتال پہنچنے سے قبل دم توڑ گیا۔ پولیس نے ملزم کی لاش ٹی ایچ کیو گوجر خان منتقل کر دی ہے جبکہ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ واضح رہے کہ بچی کی لاش اتوار اور پیر کی درمیانی شب 5 مرلہ اسکیم کے زیرتعمیر مکان سے ملی تھی۔ واقعہ کا مقدمہ والد کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔